Wednesday, November 27, 2024

مسیح عیسیٰ ابن مریم نورِ قرآن 46

 



اور جب فرشتوں نے کہا، اے مریم! بے شک اللہ نے تم کو چن لیا ہے اور تم کو پاکیزگی عطا کی ہے اور سارے جہان کی عورتوں پر تم کو منتخب کیا ہے۔ (42) اے مریم! اپنے رب کی فرمانبرداری کرتی رہو، سجدے کرتی رہو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرتی رہو۔ (43) یہ غیب کی کچھ خبریں ہیں جو ہم تمہاری طرف وحی کر رہے ہیں، اور تم ان کے پاس موجود نہیں تھے جب وہ اپنے قلم ڈال رہے تھے کہ ان میں سے کون مریم کی سرپرستی کرے گا، اور نہ ہی تم اس وقت ان کے پاس موجود تھے جب وہ آپس میں جھگڑ رہے تھے۔ (44) جب فرشتوں نے کہا، اے مریم! بے شک اللہ تم کو اپنی طرف سے ایک کلمہ کی خوش خبری دیتا ہے، اس کا نام مسیح عیسیٰ ابن مریم ہو گا، وہ دنیا و آخرت میں مرتبہ والا ہوگا اور مقرب بندوں میں سے ہو گا۔ (45) اور وہ لوگوں سے باتیں کرے گا گود میں بھی اور بڑی عمر میں بھی، اور وہ صالحین میں سے ہو گا۔ (46) وہ بولی، میرے رب! میرے ہاں لڑکا کیسے ہو گا، جبکہ کسی بشر نے مجھے ہاتھ تک نہیں لگایا؟ فرمایا، اسی طرح، اللہ پیدا کرتا ہے جو چاہتا ہے۔ جب وہ کسی کام کا فیصلہ کرتا ہے، تو وہ اس سے بس یہ کہتا ہے کہ ہو جا، تو وہ ہو جاتا ہے۔ (47) اور وہی اس کو سکھائے گا کتاب اور حکمت اور تورات اور انجیل۔ (48) اور وہ بنی اسرائیل کی طرف رسول ہو گا کہ بے شک میں تمہارے پاس نشانی لے کر آیا ہوں تمہارے رب کی طرف سے۔ بے شک میں تمہارے لئے مٹی سے بناتا ہوں ایک پرندے کی سی صورت، پھر اس میں پھونک مارتا ہوں تو وہ واقعی پرندہ بن جاتی ہے، اللہ کے حکم سے۔ اور میں پیدائشی اندھے کو اور کوڑھی کو اچھا کردیتا ہوں اور مردوں کو زندہ کردیتا ہوں اللہ کے حکم سے، اور میں تمہیں بتا دیتا ہوں جو کچھ تم کھاتے ہو اور جو جمع کرکے رکھتے ہو اپنے گھروں میں۔ بے شک اس میں تمہارے لئے نشانی ہے، اگر تم ایمان رکھتے ہو۔ (49) اور میں تصدیق کرتا ہوں مجھ سے پہلے آنے والی تورات کی، اور تاکہ میں تمہارے لئے حلال ٹھہراؤں بعض ان چیزوں کو جو تم پر حرام کر دی گئی ہیں، اور میں تمہارے پاس نشانی لے کر آیا ہوں تمہارے رب کی طرف سے۔ تو تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو۔ (50) بے شک اللہ ہی میرا بھی رب ہے اور تمہارا بھی رب ہے، تو اسی کی عبادت کرو، یہی سیدھا راستہ ہے۔ (51) پھر جب عیسیٰ نے ان کا کفر محسوس کیا تو کہا، کون میرا مددگار بنتا ہے اللہ کی راہ میں؟ حواریوں نے کہا، ہم ہیں اللہ کے مددگار، ہم ایمان لائے ہیں اللہ پر، اور آپ گواہ رہئے کہ بے شک ہم مسلم ہیں۔ (52) ہمارے رب! ہم ایمان لائے اس پر جو تو نے نازل کیا ہے اور ہم نے رسول کی پیروی کی، پس تو لکھ لے ہم کو، گواہی دینے والوں میں۔ (53) اور انہوں نے خفیہ تدبیر کی، اور اللہ نے بھی خفیہ تدبیر کی، اور اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے۔ (54)

سورہ : آل عمران .... رکوع: 05 .... آیت: 42- 54.... پارہ: 3
گزشتہ رکوع میں یحییٰ علیہ السلام کی انوکھی ولادت کا ذکر تھا کہ اللہ نے اولاد کے تعلق سے زکریا علیہ السلام کی دعا ایک ایسے وقت میں قبول کی جب بظاہر ان کی ساری امیدیں ختم ہوچکی تھیں، لیکن اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ اب یہاں عیسیٰ علیہ السلام کی خارق عادت ولادت کا ذکر ہے۔ عام قاعدے کے مطابق دنیا میں ہر آدمی ماں اور باپ کے ذریعے پیدا ہوتا ہے مگر ان کی پیدائش اللہ کے خاص کلمہ ’کن‘ سے ہوئی۔ مریم علیہا السلام کو اللہ نے ایک خاص معجزہ کیلئے منتخب فرمایا۔ وہ دنیا کی واحد خاتون ہیں جن کو اللہ نے اس عظیم اعزاز سے نوازا۔
جب فرشتے نے مریمؑ کو یہ بشارت دی تو یہ خبر ان پر بجلی بن کر گری۔ وہ حیران رہ گئیں کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے مگر اللہ کا یہی فیصلہ تھا۔ عیسیٰ ؑ کی ولادت بغیر باپ کے ہوئی اسی لئے ان کو عیسیٰ ابن مریم کہا گیا اور ان کو ان کی والدہ کی طرف منسوب کیا گیا۔ اللہ نے ان کی والدہ کو پہلے ہی بتادیا کہ وہ دونوں جہان میں عزت و مرتبت والے ہوں گے اور جس طرح ان کی پیدائش معجزاتی ہے، اللہ ان کو بہت سارے اہم معجزات بھی عطا کرے گا ۔ یہاں ان حواریین کا ذکر بھی ہے جن لوگوں نے عیسیٰ ؑ کا ہر حال میں ساتھ دیا اور جب کچھ لوگوں نے عیسیٰؑ کے خلاف سازشیں کیں تو اللہ نے ان کی سازش ناکام بنادی۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(12 جولائی 2024 )

Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...