Monday, January 29, 2024

نیکی، سچائی اور پرہیزگاری نورِ قرآن23

 
نیکی صرف یہ نہیں ہے کہ تم اپنے چہرے مشرق اور مغرب کی طرف کر لوبلکہ نیکی اس کی ہے جو ایمان لایا اللہ پر،آخرت کے دن پر، فرشتوں پر، کتاب پر اور نبیوں پر اور اس نے مال خرچ کیا اس کی محبت کے باوجود رشتے داروں پر ،یتیموں پر، مسکینوں پر، مسافروں پر، سوال کرنے والوں پر اور گردنوں کو چھڑانے میں اور نماز قائم کی اور زکوٰة ادا کی اور وہ اپنے عہد کو پوراکرنے والے ہیں جب بھی وہ عہد کریں اور صبر کرنے والے ہیں تنگ دستی اور تکلیف میں اور جنگ کے وقت، یہی لوگ ہیں جنہوں نے سچ کہا اور یہی پرہیزگار لوگ ہیں۔ (177) اے لوگو جوایمان لائے ہو! تم پرمقتولوں کا قصاص لینا فرض ٹھہرایا گیا ہے۔ آزاد کے بدلے آزاد ، غلام کے بدلے غلام اورعورت کے بدلے عورت۔ پھر جس کو اس کے بھائی کی طرف سے کچھ معافی مل جائے تو معروف طریقہ کی پیروی کی جائے اور خوبی کے ساتھ ادائیگی کی جائے۔ یہ تمہارے رب کی طرف سے ایک رعایت اور رحمت ہے، پھراس کے بعد بھی کسی نے زیادتی کی تو اس کیلئے دردناک عذاب ہے۔ (178) اور اے عقل والو! تمہارے لیے قصاص میں حیات ہے۔ امید ہے کہ تم بچو گے۔ (179) تم پر فرض کیا گیا ہے کہ جب تم میں سے کسی کی موت کا وقت آجائے اور وہ اپنے پیچھے کچھ مال چھوڑ رہا ہو تو والدین اور قریبی رشتہ داروں کیلئے معروف کے مطابق وصیت کردے، یہ لازمی حق ہے متقی لوگوں پر۔ (180) پھرجو اس کو بدل ڈالے اس کے بعد کہ اسے سن چکا ہو تو یقیناً ان ہی لوگوں پر اس کا گناہ ہے جو اسے بدلیں،بے شک اللہ سننے والا،جاننے والاہے۔ (181) پھرجو کوئی اندیشہ محسوس کرے وصیّت کرنے والے سے کسی قسم کی طرف داری یا گناہ کا، پھر وہ ان کے درمیان اصلاح کردے تو اس پرکوئی گناہ نہیں، بے شک اللہ بخشنے والا،رحم کرنے والاہے۔ (182)
سورہ : بقرہ .... رکوع: 22 .... آیت: 177- 182 .... پارہ: 2
اس رکوع میں جہاں قتل پر قصاص اور موت کے وقت والدین اور قریبی رشتہ داروں کیلئے ترکہ میں خاص وصیت کی تاکید کی گئی ہے وہیں نیکی، سچائی اور پرہیزگاری کی حقیقت بھی بیان کی گئی ہے۔ صرف قبلہ کی جانب رخ کرکے رکوع و سجود کر لینا اور ایمان کی حقیقت سے دور رہ کر محض اس طرح جینا کہ کسی اور کی طرف دیکھا نہ جائے، یہ نیکی اور پرہیزگاری نہیں ہے۔ نیکی ان تمام خوبیوں کے مجموعہ کا نام ہے جو ایک صاحب ایمان آدمی کے اندر ضرور ہونا چاہئے۔ ”نیکی صرف یہ نہیں ہے کہ تم اپنے چہرے مشرق اور مغرب کی طرف کر لو بلکہ نیکی اس کی ہے جو ایمان لایا اللہ پر، آخرت کے دن پر، فرشتوں پر، کتاب پر اور نبیوں پر اور اس نے مال خرچ کیا اس کی محبت کے باوجود رشتے داروں پر ،یتیموں پر، مسکینوں پر، مسافروں پر، سوال کرنے والوں پر اور گردنوں کو چھڑانے میں اور نماز قائم کی اور زکوٰة ادا کی اور وہ اپنے عہد کو پورا کرنے والے ہیں جب بھی وہ عہد کریں اور صبرکرنے والے ہیں تنگ دستی اور تکلیف میں اور جنگ کے وقت، یہی لوگ ہیں جنہوں نے سچ کہا اور یہی پرہیزگار لوگ ہیں۔“ ٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(19 جنوری 2024 )


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...