Tuesday, November 26, 2024

اللہ کی محبت چاہتے ہو؟ نورِ قرآن 45

 



کہہ دو، اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری اتباع کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہوں کو معاف کر دے گا، اور اللہ بخشنے والا، رحم فرمانے والا ہے۔ (31) کہہ دو، اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی، پھر اگر وہ منہ موڑ لیں تو بلاشبہ اللہ کافروں سے محبت نہیں کرتا۔ (32) بے شک اللہ نے منتخب فرمایا آدم کو اور نوح کو اور ابراہیم کے خاندان کو اور عمران کے خاندان کو، سارے عالم کے اوپر۔ (33) وہ ایک دوسرے کی اولاد ہیں اور اللہ سننے والا، جاننے والا ہے۔ (34) جب عمران کی بیوی نے کہا، میرے رب! میں نے نذر کیا تیرے لئے، جو میرے پیٹ میں ہے، ہر کام سے آزاد کر کے۔ سو تو اس کو میری طرف سے قبول فرما۔ بے شک تو خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے۔ (35) پھر جب اس نے اس کو جنم دیا تو کہا، میرے رب! میں نے تو لڑکی کو جنم دیا ہے - اور اللہ کو خوب معلوم تھا جو اس نے جنم دیا - اور لڑکا، لڑکی جیسا تو نہیں ہوتا، اور میں نے اس کا نام مریم رکھا ہے اور بے شک میں اس کو اور اس کی اولاد کو شیطان مردود سے تیری پناہ میں دیتی ہوں۔ (36) سو اس کے رب نے اس کو اچھی قبولیت کے ساتھ قبول فرمایا، اور اس کو بہترین پرورش کے ساتھ پروان چڑھایا، اور زکریا کو اس کا سرپرست بنایا۔ جب کبھی زکریا اس کے پاس محراب میں جاتا، اس کے پاس رزق پاتا، اس نے پوچھا، اے مریم ! یہ تیرے پاس کہاں سے آتا ہے؟ اس نے کہا، یہ اللہ کے پاس سے ہے۔ بے شک اللہ جس کو چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے۔ (37) وہیں زکریا نے اپنے رب کو پکارا، اس نے کہا، میرے رب! مجھے اپنے پاس سے پاکیزہ اولاد عطا فرما، بے شک تودعا کا سننے والا ہے۔ (38) تو فرشتوں نے اس کو آواز دی جب کہ وہ محراب میں کھڑا ہوا نماز ادا کر رہا تھا۔ بے شک اللہ تجھ کو یحییٰ کی خوش خبری دیتا ہے، جو اللہ کے ایک کلمہ کی تصدیق کرنے والا ہوگا، اور سردار ہوگا، اور اپنے اوپر ضبط رکھنے والا ہو گا اور نبی ہو گا صالحین میں سے۔ (39) اس نے کہا، میرے رب! میرے یہاں لڑکا کیسے ہوگا، مجھ تک تو بڑھاپا آ پہنچا ہے اور میری بیوی بانجھ ہے۔ فرمایا، اسی طرح، اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ (40) اس نے کہا، میرے رب! میرے لیے کوئی نشانی مقررکر دے، فرمایا، تمہارے لئے نشانی یہ ہے کہ تم تین دن تک لوگوں سے بات نہ کر سکو گے، مگر اشارہ سے۔ اور اپنے رب کو کثرت سے یاد کرتے رہو اور صبح و شام اس کی تسبیح کرتے رہو۔ (41)

سورہ : آل عمران .... رکوع: 04 .... آیت: 31- 41.... پارہ: 3
اللہ کی محبت اس دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ ہر بندۂ مومن اس بات کا خواہش مند ہوتا ہے کہ اس کو اللہ کی محبت حاصل ہوجائے۔ یہاں پہلی آیت میں محبت الٰہی کے حصول کا طریقہ بتادیا گیا ہے کہ اللہ کی محبت محمدﷺ کی اتباع و پیروی سے ہی حاصل ہوسکتی ہے۔ جو بھی خدا کی محبت حاصل کرنا چاہتا ہے وہ اس کے رسول کے پیچھے پیچھے چلے، اللہ و رسولؐ کی اطاعت ہی انسان کو خدا کی محبت تک پہنچا سکتی ہے۔
جب اللہ اپنے بندے سے محبت کرتا ہے تو اس پر اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتا ہے۔ آدمؑ، نوحؑ، آل ابراہیمؑ اور آل عمران پر اللہ نے اپنا خاص کرم کیا اور ان کو دنیا والوں پر خاص فضیلت عطا فرمائی۔ یہاں جس عمران بن ماتان کا ذکر ہے وہ مریم علیہا السلام کے نانا ہیں۔ ان کی بیٹی اللہ سے بے پناہ محبت کرنے والی تھیں، اسی لئے انہوں نے اپنے ہونے والے بچے کیلئے یہ نذر مانی تھی کہ وہ اس کو اللہ کے نام پر وقف کردیں گی۔ پھر جب ان کے گھر میں بچی پیدا ہوئی تو بھی وہ اپنے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ اللہ نے ان کا تحفۂ محبت قبول کیا اور ان کی بیٹی مریم کو اس عظیم کام کیلئے منتخب کرلیا جو کام ان سے پہلے بھی کسی سے لیا نہیں گیا اور ان کے بعد بھی۔
مریم علیہا السلام شروع سے اللہ کی ایسی مخلص بندی تھیں کہ زکریا ؑ جیسے عظیم نبی جو ان کے خالو بھی تھے اور ہیکل میں ان کے سرپرست بھی، وہ بھی ان کی خدا پرستی سے بے حد متاثر ہوئے۔ اور انہی سے گفتگو کے دوران زکریاؑ نے جب اللہ سے اپنے لئے اولاد مانگی تو اللہ نے ان کو بھی ان کے بڑھاپے کے باوجود ایک ایسی اولاد عطا کی جو نبی بھی تھے، سردار بھی تھے اور انتہائی پاک باز اور اللہ سے محبت کرنے والے بھی تھے۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(5جولائی 2024 )


Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata



No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...