Monday, November 25, 2024

اللہ کا دین اسلام ہےنورِ قرآن 43

 



بے شک جن لوگوں نے کفر کیا ہے، ان کے مال اور ان کی اولاد اللہ کے مقابلہ میں ان کے کچھ کام نہ آئیں گے۔ اور وہی لوگ آگ کے ایندھن ہوں گے۔ (10) جیسا آل فرعون کا حال ہوا، اور ان لوگوں کا جو ان سے پہلے گزرے۔ تو اللہ نے ان کو پکڑ لیا، ان کے گناہوں کی وجہ سے۔ اور اللہ سخت سزا دینے والا ہے۔ (11) کہہ دو ان لوگوں سے جنہوں نے کفر کیا ہے، عنقریب تم مغلوب ہوگے اور جہنم کی طرف جمع کئے جاؤ گے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔ (12) بے شک تمہارے لئے نشانی تھی ان دو گروہوں میں جو آپس میں مدّ مقابل ہوئے، ایک گروہ اللہ کی راہ میں لڑ رہا تھا، اور دوسرا کافر تھا۔ وہ ان کو کھلی آنکھوں سے دوگنا دیکھتے تھے، اور اللہ اپنی نصرت سے جس کی چاہتا ہے تائید فرماتا ہے۔ بے شک اس میں آنکھ والوں کیلئے بڑی عبرت ہے۔ (13) لوگوں کیلئے خوش نما بنادی گئی ہے نفسانی خواہشات کی محبت یعنی عورتیں اور بیٹے اور سونے اور چاندی کے جمع کئے ہوئے خزانے اور نشاندار گھوڑے اور چوپائے اور کھیتی۔ یہ دنیاوی زندگی کے سامان ہیں۔ اور اللہ ہی کے پاس اچھا ٹھکانا ہے ۔ (14) کہہ دو! کیا میں تمہیں ان سب سے بہتر چیز کی خبر دوں؟ تقویٰ والوں کے لئے ان کے رب کے پاس جنتیں ہیں، جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے، اور پاکیزہ بیویاں ہوں گی، اور اللہ کی رضامندی ہوگی۔ اور اللہ بندوں کو دیکھ رہا ہے۔ (15) جو کہتے ہیں، اے ہمارے رب! بے شک ہم ایمان لے آئے ہیں، سو ہمارے گناہ معاف فرمادے اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچالے۔ (16) جو صبر کرنے والے ہیں اور سچے ہیں اور فرماں بردار ہیں اور خرچ کرنے والے ہیں اور سحری کے اوقات میں مغفرت مانگنے والے ہیں۔ (17) اللہ نے خود شہادت دی ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، اور فرشتوں نے اور علم والوں نے بھی۔ وہ انصاف کو قائم رکھنے والا ہے۔ اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے۔ وہ غالب ہے، حکمت والا ہے۔ (18) بے شک دین اللہ کے نزدیک اسلام ہی ہے۔ اور جنہیں کتاب دی گئی تھی انہوں نے اختلاف کیا،ان کے پاس علم آجانے کے بعد، آپس کی سرکشی کی وجہ سے۔ اور جو اللہ کی آیتوں کا انکار کرے گا تو یقیناً اللہ بہت جلد حساب لینے والا ہے۔ (19) پھر بھی اگر یہ لوگ تم سے جھگڑا کریں تو کہہ دو، میں نے تو اللہ کے سامنے اپنا سر تسلیم خم کر دیا ہے اور جنہوں نے میری اتباع کی ہے انہوں نے بھی۔ اور کہو ان سے جنہیں کتاب دی گئی ہے اور امّیوں سے بھی کہ کیا تم بھی اسلام لاتے ہو؟ پھر اگر وہ اسلام لے آئے تو وہ ہدایت پاگئے۔ اور اگر وہ پھر جائیں تو بے شک تمہاری ذمہ داری صرف پیغام پہنچانا ہے۔ اور اللہ بندوں کو دیکھ رہا ہے۔ (20)

سورہ : آل عمران .... رکوع: 02 .... آیت: 10- 20.... پارہ: 3
اس رکوع میں پہلے کفار و منکرین کا ذکر ہے کہ ان کو اللہ کی پکڑ سے بچانے والا کوئی نہیں ہے۔ وہ اس دنیا میں بھی مغلوب ہوں گے اور آخرت میں تو ایسے عذاب میں ڈالے جائیں گے جس کا اس دنیا میں وہ تصور بھی نہیں کرسکتے۔ اس کے بعد واضح کیا گیا ہے کہ خدا پرستی اور دین پرستی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ دنیا پرستی ہے۔ اللہ نے دنیاوی ساز و سامان کی رغبت انسانوں کے دلوں میں اس لئے ڈالی ہے تاکہ وہ اس کے تقاضوں کا حق ادا کرسکیں مگر شیطان انسان کو دنیا کی طرف ایسا راغب کرتا ہے کہ پھر وہ دین سے بھاگنے کیلئے ہزار بہانے تلاش کرلیتا ہے اور آخرت کی ان نعمتوں کی طرف متوجہ نہیں ہوپاتا جو اللہ نے اپنے نیک بندوں کیلئے تیار کر رکھی ہیں۔
یہاں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ اللہ کے نزدیک دین تو صرف اسلام ہی ہے۔ یہ بات یہود و نصاریٰ کو بھی بتادی گئی ہے اور عرب کے دیگر اقوام کو بھی سمجھا دی گئی ہے۔ اگر کوئی اللہ کی آیتوں پر ایمان لانا ضروری نہیں سمجھتا تو اس کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ اس راستے پر نہیں چل رہا ہے جو اللہ اور جنت کی طرف جاتا ہے۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(21جون 2024 )

Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...