Monday, November 25, 2024

سب کچھ اللہ ہی کا ہے نورِ قرآن 41

 



اللہ ہی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ اور اگر تم ظاہر کرو اس کو جو تمہارے دلوں میں ہے یا اسے چھپاؤ، اللہ بہرحال تم سے ان کا حساب لے گا۔ پھر وہ جس کو چاہے گا بخش دے گا اور جس کو چاہے گا عذاب دے گا۔ اور اللہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ (284) رسول ایمان لائے ہیں اس پر جو ان کی طرف نازل کیا گیا ہے ان کے رب کی طرف سے، اور مومنین بھی۔ یہ سب ایمان لائے ہیں اللہ پر، اور اس کے فرشتوں پر، اور اس کی کتابوں پر، اور اس کے رسولوں پر۔ ہم اس کے رسولوں میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے۔ اور انہوں نے کہا کہ ہم نے سنا اور ہم نے اطاعت کی۔ ہم تیری مغفرت کے طلبگار ہیں اے ہمارے رب! اور تیری ہی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ (285) اللہ کسی نفس کو تکلیف نہیں دیتا مگر اس کی وسعت کے مطابق۔ اس کو وہی ملے گا جو اس نے کمایا ہے اور اس پر وہی پڑے گا جو اس نے کیا ہے۔ اے ہمارے رب! ہمارا مؤاخذہ نہ کرنا، اگر ہم بھول جائیں یا خطا کر بیٹھیں۔ اے ہمارے رب! اور ہم پر ویسا بوجھ نہ ڈالنا، جیسا تو نے ان لوگوں پر ڈالا، جو ہم سے پہلے تھے۔ اے ہمارے رب! اور تو ہم سے وہ نہ اٹھوا جس کی ہم میں طاقت نہیں۔ اور ہم کو معاف کردے، اور ہماری مغفرت فرما، اور ہم پر رحم فرما۔ تو ہی ہمارا مولیٰ ہے، تو کافر قوم کے مقابلہ میں ہماری نصرت فرما۔ (286)

سورہ : بقرہ .... رکوع: 40 .... آیت: 284- 286 .... پارہ: 3
قرآن مجید کی طویل ترین سورت، سورہ بقرہ اس رکوع کے ساتھ مکمل ہوتی ہے۔ یہاں سورہ کے خاتمہ پر ایک مرتبہ پھر سے پورے شد و مد کے ساتھ یہ بات دہرائی گئی ہے کہ اس کائنات میں جو کچھ بھی ہے سب اللہ ہی کا ہے۔ وہی اس دنیا کا خالق و مالک بھی ہے اور پوری دنیا میں حکومت و بادشاہت بھی صرف اسی کی ہے۔ وہ صرف تمہارے ظاہری اعمال پر نظر نہیں رکھتا بلکہ تمہارے دلوں میں چھپے ہوئے جذبات و احساسات سے بھی اچھی طرح واقف ہے۔ تم اگر اپنے دل میں کفر و نفاق چھپا کر دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کروگے تو بھی اس کو ہرگز دھوکہ نہیں دے پاؤگے۔
یہاں اس عقیدے کی وضاحت بھی کردی گئی ہے جو رسول اللہ ﷺ کا عقیدہ بھی ہے اور تمام مومنوں کا عقیدہ و ایمان بھی ہے۔ نبی اکرمؐ اور ان کے متبعین اللہ کے ساتھ تمام فرشتوں پر، تمام آسمانی کتابوں پر اور تمام رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں۔ جتنے رسول دنیا میں تشریف لائے ہیں سب معزز و محترم ہیں اور ان کے درمیان تفریق انسان کو حلقۂ مومنین سے باہر کردیتی ہے۔ کوئی مومن ایسا نہیں ہوتا جو اللہ کی بات سن کر سنی اَن سنی کرنے کی کوشش کرے بلکہ وہ پورے اخلاص کے ساتھ ’سمعنا و اطعنا‘ (ہم نے سنا اور ہم نے اطاعت کی) کہتا ہے اور اپنے رب سے مغفرت و نجات کی امید رکھتا ہے۔
آخری آیت میں ایک اہم بات یہ بتائی گئی ہے کہ اللہ کسی بھی آدمی کو اس کی طاقت و حیثیت سے زیادہ کی ذمہ داری نہیں دیتا ہے اور ہر آدمی صرف اپنے اعمال کیلئے جواب دہ ہے۔ جو بھی اچھا کام کرے گا اس کو اس کی بھلائیوں کا بدلہ ضرور ملے گا اور جو بھی کسی برائی کا مرتکب ہوگا تو اس کا وبال اسی کے سر آئے گا۔
سورہ بقرہ کا اختتام چند نہایت اہم دعاؤں کے ساتھ ہوتا ہے۔ یہ اللہ کا احسان ہے کہ اس نے اپنے بندوں کو جہاں کچھ اہم ذمہ داریاں دی ہیں وہیں اس بوجھ کو اٹھانے کا سلیقہ و طریقہ بھی سکھا دیا ہے اور اس کو سمجھا دیا ہے کہ وہ اگر اپنے معاملات کو خدا کے سپرد کرنے کے بعد اس کے آگے اپنی کمزوری کا اعلان کرکے اس سے اس کی مدد طلب کرے گا تو وہ ضرور اس کی مدد فرمائے گا۔ ” اے ہمارے رب! ہمارا مؤاخذہ نہ کرنا، اگر ہم بھول جائیں یا خطا کر بیٹھیں۔ اے ہمارے رب! اور ہم پر ویسا بوجھ نہ ڈالنا، جیسا تو نے ان لوگوں پر ڈالا، جو ہم سے پہلے تھے ۔ اے ہمارے رب! اور تو ہم سے وہ نہ اٹھوا جس کی ہم میں طاقت نہیں۔ اور ہم کو معاف کردے، اور ہماری مغفرت فرما، اور ہم پر رحم فرما۔ تو ہی ہمارا مولیٰ ہے، تو کافر قوم کے مقابلہ میں ہماری نصرت فرما۔“ ٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(7جون 2024 )

Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...