Thursday, February 1, 2024

روزہ، رمضان اور قرآن نورِ قرآن 24

 
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! تم پر روزہ فرض کیا گیا ہے جس طرح ان لوگوں پر فرض کیا گیا تھا جو تم سے پہلے تھے تاکہ تم تقویٰ حاصل کرو۔ (182) گنتی کے چند دن ہیں۔ پھر جو تم میں سے بیمار ہو یا سفر میں ہوتو وہ دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرلے۔ اور ان لوگوں پر جو اس کی طاقت رکھتے ہوں فدیہ ایک مسکین کا کھانا ہے۔ پھر جو کوئی خوشی سے مزید نیکی کرے تو وہ اس کیلئے بہتر ہے۔ اور یہ کہ تم روزہ رکھو، یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔ (183) رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کیلئے ہدایت ہے اور اس میں ہدایت اور فرق کرنے والے روشن دلائل ہیں، تو تم میں سے جو کوئی اس مہینے کو پائے وہ اس میں ضرور روزہ رکھے۔ اور جو کوئی مریض ہو یا سفر میں ہو تو دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرلے۔ اللہ تمہارے لئے آسانی چاہتا ہے، وہ تمہارے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتا اور تاکہ تم تعداد پوری کرو اور تم اللہ کی بڑائی کرو اس پر جو اس نے تمہیں ہدایت دی ہے اور تاکہ تم اس کے شکر گزار بنو۔ (184) اور جب میرے بندے تم سے میرے بارے میں سوال کریں تو بے شک میں قریب ہوں۔ میں پکارنے والے کی پکار کا جواب دیتا ہوں جب وہ مجھے پکارتا ہے۔ تو انہیں چاہئے کہ وہ میرا حکم مانیں اور مجھ پر ایمان رکھیں تاکہ وہ صحیح راہ پر رہیں۔ (185) تمہارے لئے روزے کی رات میں اپنی بیویوں کے پاس جانا حلال کردیا گیا ہے۔ وہ تمہارے لئے لباس ہیں اور تم ان کے لئے لباس ہو۔ اللہ کو علم تھا کہ تم اپنے آپ سے خیانت کر رہے تھے تو اس نے تم پر عنایت کی اور تم کو معاف کردیا۔ تو اب تم ان سے مباشرت کرو اور اللہ نے جو تمہارے لئے لکھ دیا ہے اسے تلاش کرو۔ اور کھاؤ پیو یہاں تک کہ فجر کی سفید دھاری تمہارے لئے سیاہ دھاری سے خوب ظاہر ہوجائے۔ پھر رات تک روزہ پورا کرو، اور ان سے مباشرت نہ کروجب تم مسجد میں اعتکاف میں ہو۔ یہ اللہ کی حدیں ہیں تو ان کے قریب نہ جاؤ۔ اسی طرح اللہ اپنی آیتیں کھول کر بیان کرتا ہے تاکہ وہ تقویٰ اختیار کریں۔ (186) اور تم آپس میں ایک دوسرے کے مال باطل طریقے سے نہ کھاؤ اور نہ ان کو حاکموں تک پہنچاؤ تاکہ لوگوں کے مالوں میں سے ایک حصہ گناہ کے ساتھ کھا جاؤ، حالانکہ تم اس کو جانتے ہو۔ (187)
سورہ : بقرہ .... رکوع: 23 .... آیت: 183- 188 .... پارہ: 2
روزہ ایک اہم عبادت ہے۔ تقویٰ، پرہیزگاری اور خدا سے وفا شعاری کی راہ میں یہ بے حد مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں سے پہلے دوسری قوموں کو بھی روزہ کا حکم دیا تھا۔ مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ رمضان کے مہینے میں روزہ رکھیں۔ رمضان میں اس لئے کہ یہی وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا ہے۔ انسانی دنیا میں نزول قرآن ایک اہم ترین واقعہ ہے۔ رمضان کی جس رات میں یہ نازل ہوا ہے اللہ نے اسے ہزار مہینوں سے بہتر و افضل رات قرار دیا ہے۔ انسان کی زندگی میں ہدایت و رہنمائی سب سے اہم چیز ہے۔ جس کو ہدایت مل گئی وہ کامیاب ہوگیا اور جو ہدایت سے محروم رہا وہ ہر خیر و فلاح سے محروم ہوگیا اور ہدایت اللہ نے قرآن کے اندر رکھ کر اسے قیامت تک کیلئے محفوظ کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ رمضان میں روزے رکھا کریں۔ اس رکوع میں اس تعلق سے دیگر اہم ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
یہاں درمیان میں ایک خاص بات یہ بھی بتائی گئی ہے کہ جو لوگ خدائے کائنات کو ڈھونڈتے اور اس کے بارے میں پوچھتے رہتے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ اللہ بالکل قریب ہے۔ وہ انسانوں کی ہر حالت سے پوری طرح باخبر ہے اور وہ جب بھی اس کو آواز دیتے ہیں وہ اس کو سنتا بھی ہے اور جواب بھی دیتا ہے۔ انسانوں کو بھی چاہئے کہ وہ خدا کی ہر بات مانیں اور اس پر پورا بھروسہ رکھیں۔ بھلائی اور کامیابی حاصل کرنے کا یہی راستہ ہے۔ ٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(26جنوری 2024 )


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...