Friday, December 8, 2023

ذبح بقرہ کاحکم الٰہی نورِ قرآن 09

 




بے شک جو لوگ ایمان لائے، جو یہودی ہوئے اور نصاریٰ اور صابی۔ ان میں سے جو اللہ اور روز آخرت پر ایمان لایا اور اس نے عمل صالح کیا تو اس کے لئے اس کے رب کے پاس اجر ہے اور ان کے لئے کوئی خوف ہو گا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ (62) اور جب ہم نے تم سے پختہ وعدہ لیا اور تمہارے اوپر طور کو بلند کیا۔ تھام لواس کو جو ہم نے تم کو دیا ہے مضبوطی کے ساتھ اور جو کچھ اس میں ہے اس کو یاد رکھو تاکہ تم بچ سکو۔ (63) پھر اس کے بعد تم اس سے پھر گئے، تو اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو تم خسارہ اٹھانے والوں میں سے ہو جاتے۔ (64) اور تم کو اپنے ان لوگوں کے بارے میں خوب معلوم ہے جنہوں نے سبت کے معاملے میں تجاوز کیا تھا تو ہم نے ان کو کہا، تم ذلیل بندر بن جاؤ۔ (65) تو ہم نے اس کو عبرت بنا دیا ان لوگوں کے لئے جو اس کے آگے اور پیچھے تھے اور اس کو ڈرنے والوں کے لئے نصیحت بنایا۔ (66) اورجب موسٰی نے اپنی قوم سے کہا کہ اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ ایک گائے ذبح کرو تو وہ بولے ، کیا تم ہمارا مذاق اڑا رہے ہو۔ اس نے کہا ، میں اللہ کی پناہ مانگتا ہوں کہ میں جاہلوں میں سے ہوجاؤں۔ (67) انہوں نے کہا، اپنے رب سے دعا کرو کہ وہ ہم پرواضح کردے کہ وہ کیسی ہو؟ اس نے کہا، وہ فرماتا ہے کہ وہ گائے نہ بوڑھی ہو اور نہ بچھیا، ان کے بیچ کی ہو۔ تو کرڈالو جو تمہیں حکم دیا جا رہا ہے۔ (68) وہ بولے، اپنے رب سے دعا کرو کہ وہ ہم پر واضح کرے کہ اس کا رنگ کیسا ہو؟ اس نے کہا،بے شک وہ فرماتا ہے کہ وہ یقیناً زرد رنگ کی ہو، اس کا رنگ چمکنے والا ہو، دیکھنے والوں کو بھلی لگتی ہو۔ (69) وہ بولے، اپنے رب سے دعا کرو کہ وہ ہم پر اچھی طرح واضح کر دے کہ وہ کیسی ہو، بے شک گائے ہم پر مشتبہ ہوگئی ہے۔ اور اگر اللہ نے چاہا تو ہم اسے ضرور ڈھونڈ لیں گے۔ (70) اس نے کہا، وہ ایسی سدھائی ہوئی گائے نہ ہو جو ہل چلاتی ہو اور نہ کھیتوں کو پانی دیتی ہو، وہ صحیح سالم ہو، اس میں کوئی داغ نہ ہو۔ وہ بولے، اب تم حق لائے ہو۔ پھر انہوں نے اسے ذبح کیا اور وہ ایسا کرنے والے نہیں لگتے تھے۔ (71)
.... سورہ : بقرہ .... رکوع: 8 .... آیت: 62 - 71 ....
بنی اسرائیل پر احسانات و انعامات الٰہی کا ذکر چل رہا ہے۔ اس رکوع میں ان کی تاریخ کے تین اہم واقعات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے مگر اس سے پہلے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اللہ کے نزدیک انسان کا عمل اصل ہے نہ کہ اس کی نسل۔ کوئی یہودی ہو، نصرانی ہو یا صابی (ستارہ پرست) ہو ، جو بھی اللہ پر ایمان لائے گا اور نیک کام کرے گا اس کا اجر اللہ کے پاس محفوظ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ اللہ نے بنی اسرائیل کو بہت نوازا مگر اسی کے ساتھ تاریخ میں یہ بھی محفوظ ہے کہ انہوں نے بار بار نافرمانی بھی کی۔ اللہ نے طور کے سامنے جو ان سے عہد لیا تھا وہ اس کو بھول گئے۔ انہی میں سے کچھ لوگوں نے جب سبت یعنی سنیچر کے احکام کے ساتھ کھلواڑ کیا تو اللہ نے ان لوگوں کو بندر بنا دیا۔
جب موسیٰ ؑ نے ان سے کہا کہ اللہ نے ان کو ایک گائے ذبح کرنے کا حکم دیا ہے تو انہوں نے سخت ٹال مٹول اور بہانہ بازی سے کام لیا اور ایک آسان حکم کو بار بار سوال کرکے اپنے لئے انتہائی مشکل ترین حکم بنا ڈالا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ گائے کی عمر کیا ہو، رنگ کیسا ہو اور دیگر خصوصیات کیا ہوں؟جب ساری تفصیلات واضح کردی گئیں تو ان کیلئے ایسی گائے تلاش کرنا مشکل ہوگیا۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(13اکتوبر 2023 )

No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...