Monday, November 25, 2024

خیرات میں اچھی چیزیں دو! نورِ قرآن 38

 


اے لوگو جو ایمان لائے ہو! خرچ کرو ان عمدہ چیزوں میں سے جو تم نے کمائی ہیں اور ان چیزوں میں سے بھی جو ہم نے تمہارے لئے زمین سے نکالی ہیں، اور کسی خراب چیز کا ارادہ نہ کرو کہ اس میں سے خرچ کروگے، حالانکہ تم خود کبھی اس کو لینے والے نہیں ہو مگر یہ کہ تم اس میں آنکھیں بند کر لو اور جان لو کہ بے شک اللہ بڑا بے نیاز، بے حد خوبیوں والا ہے۔ (267) شیطان تمہیں تنگ دستی سے ڈراتا ہے اور تمہیں بے شرمی کی راہ سجھاتا ہے، اور اللہ اپنی طرف سے بخشش اور فضل کا تم سے وعدہ کرتا ہے، اور اللہ بڑی وسعت والا، بڑا علم رکھنے والا ہے۔ (268) وہ جسے چاہتا ہے حکمت عطا کرتا ہے اور جس کو حکمت عطا کی گئی، تو یقیناً اس کو بہت بڑی دولت دے دی گئی، اور نصیحت تو صرف عقل مند لوگ ہی حاصل کرتے ہیں۔ (269) اور جو کچھ بھی تم خرچ کرتے ہو یا تم کوئی بھی نذر مانتے ہو، تو بے شک اللہ اس کو جانتا ہے، اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں۔ (270) اگر تم صدقات کو ظاہر کرکے دو تو یہ بھی اچھا ہے، اور اگر تم ان کو پوشیدہ رکھو اور انہیں فقیروں تک پہنچا دو، تو وہ تمہارے لئے زیادہ بہتر ہے، اور وہ تم سے تمہاری کچھ برائیوں کا کفارہ کر دے گا، اورجو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے پوری طرح با خبر ہے۔ (271) ان کو ہدایت دینا تمہارے ذمہ نہیں ہے بلکہ اللہ ہدایت دیتا ہے جس کو چاہتا ہے۔ اور تم لوگ جو مال بھی خرچ کرتے ہو وہ تمہارے اپنے لئے ہی ہے۔ اور جو کچھ بھی تم خرچ کرتے ہو اللہ کی رضا حاصل کرنے کیلئے کرتے ہو۔ اور مال میں سے جو کچھ تم خرچ کرو گے، وہ تم کو پورا ادا کردیا جائے گا اور تم پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔ (272) یہ ان فقیروں کیلئے ہے جو اللہ کے راستے میں روکے گئے ہیں، وہ زمین میں دوڑ دھوپ کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، ناواقف آدمی ان کو خوش حال سمجھتا ہے، ان کے سوال نہ کرنے کی وجہ سے۔ تم انہیں ان کے چہرے ہی سے پہچان جاؤ گے۔ وہ لوگوں سے لپٹ کر نہیں مانگا کرتے۔ اورتم جو کچھ بھی مال میں سے خرچ کرو گے تو اللہ اس کو خوب جاننے والا ہے۔ (273)

سورہ : بقرہ .... رکوع: 37 .... آیت: 267- 273 .... پارہ: 3
اس رکوع میں صدقہ وخیرات اور انفاق فی سبیل اللہ کے تعلق سے مزید ہدایتیں اور وضاحتیں موجود ہیں۔ یہ بات یہاں بہت صاف لفظوں میں بتادی گئی ہے کہ جب بھی صدقہ و خیرات کا ارادہ کرو تو اللہ کے نام پر بہتر اور عمدہ چیزیں ہی نکالو۔ ایسی گھٹیا چیز کسی کو مت دو کہ وہی چیز تمہیں دی جائے تو تم اس کو لینا پسند نہ کرو۔ اللہ کی راہ میں اچھی چیز ہی دو تاکہ تمہیں اس کا بہترین بدلہ ملے۔ شیطان تم کو صدقہ سے روکتا ہے اور کہتا ہے کہ تم خود کیا خرچ کرو گے۔ وہ چاہتا ہے کہ تمہاری دولت عیاشی و فحاشی میں ضائع ہوجائے اور تم دنیا و دین دونوں سے ہاتھ دھو بیٹھو۔ اس کے برعکس خدا تم سے اپنے فضل و کرم کا وعدہ کرتا ہے اور صدقہ و خیرات کے ذریعہ تمہارے لئے برکتوں کے مزید دروازے کھولنے کا اعلان کرتا ہے۔ سچی بات یہ ہے کہ حکمت و دانش مندی اسی میں ہے مگر کم عقل لوگ یہ بات کیسے سمجھ سکتے ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ تم اللہ کی راہ میں جو بھی خرچ کروگے وہ تم کو پورا پورا لوٹا دیا جائے گا۔ اگر تم اپنا صدقہ ظاہر کردو تو بھی کوئی بات نہیں ہے مگر تم اس کو خفیہ رکھو اور خاموشی سے خیرات کرو تو یہ اور اچھی بات ہے اور اس میں زیادہ ثواب ہے۔ یہاں یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ اپنے آس پاس ان لوگوں کا دھیان رکھو جو اللہ کی راہ میں گھرے ہونے کے سبب اپنی ضروریات کی ادائیگی کیلئے بھی پریشان رہتے ہیں مگر اپنی خودداری کے سبب کبھی ہاتھ نہیں پھیلاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی خبر گیری کرنا اور ان کی مدد کرنا اللہ کے نزدیک تمہارا رتبہ بلند کرتا ہے۔ تم جو بھی اچھا کام کرتے ہو، اللہ کو سب معلوم ہے۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(17مئی 2024 )

Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata

No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...