Sunday, November 24, 2024

کرسی ِ الٰہی اور ارض و سماوات نورِ قرآن 35

 _

اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! اس میں سے خرچ کرو جو کچھ ہم نے تم کو رزق دیا ہے ، اس سے پہلے کہ وہ دن آجائے جس میں نہ کوئی سودا ہوگا اور نہ کوئی دوستی اور نہ کوئی سفارش چلے گی، اور کافر لوگ ہی ظالم ہیں۔ (254) اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ زندہ جاوید ہے، سب کو قائم رکھنے والا ہے، اس کو نہ اونگھ آتی ہے اور نہ نیند، اسی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، کون ہے جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرسکے، وہ جانتا ہے جو کچھ ان کے آگے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے، اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا بھی احاطہ نہیں کر سکتے مگر جتنا وہ چاہے، اس کی کرسی آسمانوں اور زمین پر چھائی ہوئی ہے، اور ان دونوں کی حفاظت اسے تھکاتی نہیں ہے، اور وہ سب سے اعلیٰ ہے، بڑی عظمت والا ہے۔ (255) دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے، بہت اچھی طرح واضح کردی گئی ہے سمجھ داری ناسمجھی سے، تو جو طاغوت کا انکار کرے اور اللہ پر ایمان رکھے تو اس نے مضبوط کڑا تھام لیا جو کبھی ٹوٹنے والا نہیں ہے، اور اللہ سب کچھ سننے والا، سب کچھ جاننے والا ہے۔ (256) اللہ ان لوگوں کا ولی ہے جو ایمان لائے، وہ ان کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لاتا ہے، اور جن لوگوں نے کفر کیا ان کے اولیاء طاغوت ہیں، وہ ان کو روشنی سے نکال کر اندھیروں کی طرف لے جاتے ہیں۔ یہ آگ میں جانے والے لوگ ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ رہنے والے ہیں۔ (257)
سورہ : بقرہ .... رکوع: 34 .... آیت: 254- 257 .... پارہ: 3
یہاں پہلی آیت میں انفاق کا حکم دیتے ہوئے یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ اللہ تم کو جس مال سے خرچ کرنے کا حکم دے رہا ہے وہ تمہارا اپنا نہیں بلکہ اسی خدا کا بخشا ہوا ہے اور اس میں سے بھی تم کو پورا نہیں بلکہ حسب توفیق ہی خرچ کرنا اور اس سے ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔ یہ اللہ کا احسان ہے کہ اس نے تم کو رزق عطا کیا پھر وہ تم کو اس لئے اس میں سے خرچ کرنے کا حکم دیتا ہے تاکہ تم اس کے ذریعہ وہ ثواب کما سکو جو قیامت کے دن تمہارے کام آئے، ایک ایسے دن میں جہاں ثواب کے سوا کوئی دوسری چیز کسی کے کچھ کام نہیں آئے گی۔ اس دنیا میں تو تم لین دین، دوستی رشتہ داری اور سفارش و شفاعت کے ذریعہ اپنا کام نکال بھی لیتے ہو آخرت میں یہ چیزیں بھی نافرمانوں کے کام آنے والی نہیں ہیں۔ اللہ کا شکر ادا کرو اور اس کا دیا ہوا مال اس کی رضا کیلئے خرچ کرو تاکہ کل قیامت کے دن نقصان کے بجائے نفع اٹھانے والے بن سکو۔
دوسری آیت ’آیة الکرسی‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں اللہ جل شانہٗ کی عظمت وجلالت کا نہایت صاف لفظوں میں بیان ہوا ہے۔ کرسی کا لفظ حکومت و اقتدار کی تعبیر کیلئے بھی استعمال ہوتا ہے، مطلب یہ کہ اللہ کی حکومت پوری کائنات میں ہے۔ وہی اکیلا خالق و مالک ہے، وہی تنہا معبود برحق ہے، اس نے پوری کائنات کو سنبھال رکھا ہے اور وہ ایک لمحہ کیلئے بھی اس سے غافل نہیں ہوتا ہے۔ وہ اپنے فیصلوں کیلئے کسی کی معلومات یا شفاعت کا محتاج نہیں ہے کیونکہ وہ سب کے بارے میں سب کچھ جانتا ہے۔ اس کے سوا اگر کوئی کچھ جانتا ہے تو وہ بس اتنا ہی ہے جتنا اس نے بتانا چاہا ہے۔
یہاں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ دین کے معاملہ میں کوئی زور زبردستی نہیں ہے۔ اس کو تو اپنی خوشی سے قبول کرنا ہے۔ جہاں تک بات سمجھ داری اور عقل مندی کی ہے تو وہ پوری طرح واضح کردی گئی ہے۔ اب جو اللہ کا سہارا پکڑے گا اس نے ایسا سہارا پکڑ لیا جو کبھی ٹوٹنے اور چھوٹنے والا نہیں ہے۔ اللہ اپنے ماننے والوں کا سرپرست و رہنما ہے۔ وہ اپنے ماننے والوں کو اندھیروں میں بھٹکنے نہیں دیتا، وہ ان کو اس روشنی کی طرف لے آتا ہے جو ان کو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کی ضمانت دیتی ہے۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(26اپریل 2024 )


Jibreel School | Islamic School in Kolkata | Muslim School in Kolkata | Muslim English Medium School in Kolkata | Islamic and Modern Education in Kolkata | Best Islamic School in Kolkata | Best Muslim School in Kolkata | Units of Jibreel International Islamic School | Muslim Private School in Kolkata | First Islamic School in Kolkata

No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...