Thursday, March 7, 2024

عائلی مسائل کا بیان نورِ قرآن 29

 


اور وہ تم سے سوال کرتے ہیں حیض کے بارے میں، کہہ دو کہ وہ اذیت ہے، تو حیض کے دنوں میں عورتوں سے الگ رہو اور ان سے قربت نہ کرو جب تک وہ پاک نہ ہو جائیں، پھر جب وہ اچھی طرح پاک ہوجائیں تو ان کے پاس آؤ جہاں سے اللہ نے تمہیں حکم دیا ہے، بے شک اللہ محبوب رکھتا ہے بہت توبہ کرنے والوں کو اور محبوب رکھتا ہے پاکیزگی اختیار کرنے والوں کو۔ (222) تمہاری عورتیں تمہارے لئے بمنزلہ کھیتی ہیں ، تو اپنی کھیتی میں آؤ جس طرح تم چاہو اور اپنے لئے آگے بڑھاؤ اور اللہ سے ڈرتے رہو اور خوب جان لو کہ تم ضرور اس سے ملاقات کرنے والے ہو، اور ایمان والوں کو خوش خبری دے دو۔ (223) اور اللہ کو اپنی ایسی قسموں کیلئے آڑ نہ بناؤ کہ تم بھلائی نہ کروگے، پرہیزگاری نہ کروگے اور لوگوں کے درمیان صلح نہ کراؤ گے۔ اور اللہ سب سننے والا، سب جاننے والا ہے۔ (224) اللہ تم سے تمہاری لغو قسموں کے بارے میں کوئی مؤاخذہ نہیں کرے گا ، لیکن وہ تم سے تمہاری ان قسموں کے بارے میں ضرور مؤاخذہ کرے گا جن کا ارادہ تمہارے دلوں نے کیا ہے۔ اور اللہ بہت بخشنے والا، نہایت بردبار ہے۔ (225) ان لوگوں کے لئے جو اپنی عورتوں سے نہ ملنے کی قسم کھا بیٹھیں چار مہینے کی مہلت ہے، چنانچہ اگر وہ رجوع کر لیں تو بے شک اللہ بہت بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔ (226) اور اگر وہ طلاق دینے کا پکا ارادہ کرلیں تو بے شک اللہ سب سننے والا، سب جاننے والا ہے۔ (227) اور طلاق یافتہ عورتیں اپنے آپ کو تین ایام ِحیض تک روکے رکھیں اور ان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اس کو چھپائیں جس کو اللہ نے ان کے رحموں میں پیدا کیا ہے، اگر وہ ایمان رکھتی ہیں اللہ پر اور آخرت کے دن پر، اور ان کے شوہر اس دوران میں انہیں واپس لینے کے زیادہ حق دار ہیں اگر وہ اصلاح کا ارادہ رکھتے ہوں۔ اور عورتوں کیلئے ویسے ہی حقوق ہیں جیسے ان کے اوپر حق ہے معروف کے مطابق، اور مردوں کو ان پر ایک درجہ حاصل ہے اور اللہ بہت غالب، بڑی حکمت والا ہے۔ (228)
سورہ : بقرہ .... رکوع: 28 .... آیت: 222- 228 .... پارہ: 2
گزشتہ رکوع کی طرح اس رکوع میں بھی کئی اہم مسائل کی طرف توجہ دلائی گئی ہے اور صاف لفظوں میں ان سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر انسان مختلف عائلی، سماجی، معاشی اور معاشرتی مسائل سے الجھتا رہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو ان تمام بنیادی مسائل سے نمٹنے کیلئے ہدایتیں دے دی ہیں تاکہ وہ اپنے مسئلوں کا بہترین حل نکال سکیں اور شیطان کے چکر میں پڑکر اپنی زندگی کو مصیبتوں کی آماجگاہ نہ بنالیں۔ مگر یہ بات بہرحال ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ قرآن ان کو ایسے عام اصول بتاتا ہے جو ہر ایک کیلئے اپنے اندر رہنمائی رکھتے ہیں۔ مسئلوں کی تفصیل سمجھنے کیلئے ہمارے سامنے ہمارے نبیؐ کا اسوہ اور ان کی سنت موجود ہے، اور پھر بعد میں لوگوں نے ان کو مزید سمجھنے اور ان کی تفصیلات پیش کرنے کی بھی متعدد کوششیں کی ہیں۔
یہاں اس رکوع میں ایام حیض میں مرد و زن کے تعلقات، روحانی و جسمانی پاکیزگی توبہ اور طہارت کی اہمیت، صالح انسانی معاشرہ میں نکاح کی ضرورت، اللہ کے نام کا بہانہ بنا کر صلاح و فلاح کے کاموں سے فرار کی حقیقت، ایلاء یعنی کسی کا قسم کھا کر یہ کہنا کہ وہ اپنی بیوی سے الگ رہے گا، کسی کا سچ مچ طلاق کا ارادہ کرنا اور پھر کسی عورت کا طلاق کے بعد دوسری شادی سے لگ بھگ تین ماہ تک رکے رہنے کی ضرورت پر وضاحت کے ساتھ روشنی ڈالی گئی ہے۔ بات سمجھنے اور ماننے والوں کیلئے اتنی بات کافی ہے، مزید تفصیلات کے طالب فقہ کی کتابیں دیکھ سکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے یہاں بیوی کیلئے کھیتی کی مثال بیان کی ہے۔ کھیتی کی قیمت، ضرورت اور اہمیت سے ہر کسان اچھی طرح واقف ہوتا ہے۔ وہ کسان کی ایسی قیمتی چیز ہوتی ہے جس کی حفاظت کیلئے وہ اپنی زندگی بھی داؤ پر لگادیتا ہے۔ کسان کی زندگی کا دارو مدار کھیتی پر ہی ہوتا ہے۔ وہ اس کا پوری طرح خیال رکھتا ہے۔ کب اس میں بیج ڈالنا ہے، کب ہل چلانا ہے، کب کھیتوں میں پانی ڈالنا ہے وہ کبھی اس سے غافل نہیں رہتا ہے۔ پھر جب اس میں اناج اگتا ہے تو وہ لگاتار اس کی نگرانی و نگہبانی کرتا ہے اور اس کو ہر سرد و گرم سے محفوظ رکھتا ہے۔ گویا کھیتی ہی اس کیلئے سب کچھ ہوتی ہے اور وہ دنیا کی ہر چیز سے زیادہ اس کا خیال رکھتا اور اس سے محبت کرتا ہے۔ ایک انسان کی زندگی میں ایسی ہی قیمتی شے اس کی بیوی ہوتی ہے اور اس کا خیال رکھنا، اسے ہر تکلیف سے محفوظ رکھنا اور اس کی تمام ضرورتوں کو خوشی خوشی پورا کرنا اس پر لازم ہوتا ہے۔جو لوگ اتنی سے بات نہیں سمجھتے اور اپنی بیوی کو روحانی و جسمانی اذیت دیتے ہیں ان کی زندگی جہنم بن کر رہ جاتی ہے۔ اللہ چاہتا ہے کہ انسان کو اس دنیا میں ہی جنت جیسی خوشیاں ملیں، اسے جہنم جیسی مصیبتوں اور تکلیفوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(1مارچ 2024 )


No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...