Thursday, December 28, 2023

ہے: امام عیدین جبریل انٹرنیشنل اسکول نے دینی و دنیوی علوم کو یکجا کرکے شاندار روایت کی بنیاد ڈالی




 عالیہ یونیورسٹی میں اسکول کے پروگرام ”تنزیل“ کا خوبصورت انعقاد - حفاظ طلبہ کی

دستاربندی - ہزاروں لوگوں نے لائیو پروگرام دیکھا

 کلکتہ (موسیٰ امام): جبریل انٹرنیشنل اسکول، کلکتہ کی جانب سے گزشہ 23 دسمبر کو

  "تنزیل 2023" کا شاندار پروگرام منعقد ہوا جس میں اسکول کے ان طلبہ کی دستاربندی ہوئی جنہوں نے اسکول کی ریگولر تعلیم کے ساتھ مکمل قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل  

               کی۔

 اس موقع پر صدر جلسہ جناب قاری فضل الرحمن، امام عیدین کلکتہ نے کہا کہ جبریل انٹرنیشنل اسکول نے دینی و دنیوی علوم کو یکجا کرکے شاندار روایت کی بنیاد ڈالی ہے اور اہل کلکتہ کو ایک خوبصورت علمی و دینی تحفہ دیا ہے۔ گزشتہ پندرہ سالوں سے جس طرح جبریل انٹرنیشنل اسکول ایک بہتر انگریزی میڈیم اسکول ہوتے ہوئے اپنے طلبہ و طالبات کو بنیادی دینی تعلیم بھی دیتا ہے اور ان کو حفظ قرآن کا موقع بھی فراہم کرتا ہے، بلاشبہ یہ ایک مثالی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں اور بچیوں کیلئے تعلیم و تربیت کا یہی بہترین طریقہ ہے اور یہی ہمارا قدیم انداز تعلیم بھی ہے۔ اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ ابتدا میں مسلمانوں کا یہی طرز تعلیم اور انداز تربیت تھا۔ اسلام نے کبھی تعلیم کو دینی اور دنیاوی کے نام پر تقسیم نہیں کیا ہے۔ شروع میں جب تک مسلمانوں نے دونوں تعلیم ساتھ ساتھ حاصل کی وہ دنیا میں کامیاب رہے۔ آج دنیا جس سائنسی ترقی کے دور سے گزر رہی اس کو عروج و کمال کا یہ راستہ ہم ہی نے دکھایا ہے۔ بیرونی اور خوارزمی جیسی بے شمار مسلم شخصیتیں ہیں جنہوں نے انسانوں اور انسانیت کو سائنس و ٹکنالوجی میں آگے بڑھنے کی راہ دکھائی ہے۔
امام عیدین کلکتہ نے کہا کہ ترقی کی راہ میں ہم اس وقت دوسروں سے پیچھے ہوگئے جب ہم نے تعلیم کو دینی اور غیر دینی کے نام پر تقسیم کردیا۔ آج بھی ہم علم کے نام پر دو طرح کے ادارے رکھتے ہیں۔ دینی اداروں میں عصری و سائنسی مضامین پر توجہ نہیں دی جاتی اور جو عصری ادارے ہیں وہ دینی تعلیم دینا مناسب اور ضروری نہیں سمجھتے۔ ہمیں جبریل انٹرنیشنل اسکول جیسے بہت سارے اداروں کی ضرورت ہے جہاں ہم اپنے بچوں کو دونوں قسم کی تعلیم دے سکیں۔
ڈاکٹر نورالصباح اسماعیل ندوی علیگ، چیف ایڈمنسٹریٹر جبریل انٹرنیشنل اسکول نے جلسہ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ تنزیل ہمارے اس سالانہ جلسہ کا نام ہے جس میں ہم اپنے حفاظ طلبہ و طالبات کے سروں پر دستار فضیلت رکھتے ہیں۔ یہ اللہ رحمان و رحیم کی مہربانی ہے کہ اس نے ہمیں یہ توفیق دی کہ ہم ایک ایسا اسکول قائم کریں جہاں ہم اپنے بچوں کو ایک مکمل تعلیم دے سکیں اور انہیں دنیا و آخرت دونوں کی کامرانیاں حاصل کرنے کے قابل بناسکیں۔ ہم حافظ محمد زیان شاہد (کلاس XI )،حافظہ تناز خان (کلاس XI )، حافظہ الفشہ ظفیر (کلاس X )اور حافظہ سمیہ فاطمہ (کلاس X ) کو اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہیں کہ اللہ نے ان کو ایک عظیم سعادت حاصل کرنے کی توفیق بخشی۔
مشہور شیعہ عالم دین مولانا سید مہر عباس رضوی نے حفاظ طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حفظ قرآن وہ دولت ہے جس سے بڑی کوئی سعادت اس دنیا میں نہیں ہوسکتی ہے۔ یہ ہمارے خدا کی کتاب ہے، جو بھی اس کو پڑھتا رہتا ہے اس کے دل میں خدا کی محبت بیٹھتی جاتی ہے اور اس کیلئے دونوں جہان میں کامیابی کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا بچہ ایک اسکول میں زیر تعلیم ہے مگر میری خواہش ہے کہ وہ بھی جبریل انٹرنیشنل اسکول میں داخلہ لے اور اسکولی تعلیم کے ساتھ حافظ قرآن ہونے کی سعادت بھی حاصل کرے۔
شیخ ذکی احمد مدنی، ڈائریکٹر جامعہ الہدیٰ الاسلامیہ نے کہا، جبریل انٹرنیشنل اسکول قابل مبارکباد ہے کہ اس کا نظام تعلیم رب کے نام کے ساتھ جاری ہے۔ وہ تعلیم جو اپنے رب کے نام سے شروع نہ ہو اس تعلیم میں فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہے۔ لندن سے تشریف لائے ہوئے مہمان خصوصی جناب فہیم اختر نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کے سامنے اسلام کا صحیح تعارف پیش کریں کہ اسلام اللہ کا دین ہے اور انسانوں کیلئے اس سے بہتر کوئی طرز حیات نہیں ہوسکتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارا وہ طبقہ جو دین کا علم رکھتا ہے وہ اس زبان اور انداز سے ناواقف ہے جو موجودہ دنیا کی زبان ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہاں سے وہ بچے اور بچیاں نکلیں گی جو سماج کے سامنے اسلام کا بہتر تعارف پیش کرسکیں گی اور ان چیلنجوں کا مقابل کرسکیں گی جن سے آج اسلام اور مسلمانوں کا سامنا ہے۔
پروگرام کا آغاز کلاس XI کی طالبہ مریم بہزاد کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ ان آیات کا ترجمہ تھیالوجی ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ غلام ربانی ندوی نے پیش کیا۔ عبدالباسط اسماعیل، پرنسپل جبریل انٹرنیشنل اسکول نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور وائس پرنسپل محمد شاہ جہاں نے نقابت کی ذمہ داری نبھائی۔ عالیہ یونیورسٹی، پارک سرکس کیمپس میں منعقد ہونے والا یہ پروگرام فیس بک پر لائیو نشر ہوا تاکہ اسکول کے تمام طلبہ و طالبات، گارجین حضرات اور دیگر متعلقین اس کو دیکھ سکیں۔

No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...