Sunday, December 10, 2023

ملت ابراہیم ؑہی اصل ہے نورِ قرآن 17

 







اور کون ہے جو ابراہیم کی ملت سے منہ موڑے سوائے اس کے جس نے اپنے آپ کو بے وقوف بنا لیا ہو۔ اور یقیناً ہم نے اس کو دنیا میں چُن لیا تھا اور بلاشبہ وہ آخرت میں بھی نیک لوگوں میں سے ہوگا۔ (130) جب اس کے رب نے اس سے کہا کہ فرماں بردار ہوجا۔ اس نے کہا، میں رب العالمین کا فرماں بردار ہوگیا۔ (131) اور ابراہیم نے اپنے بیٹوں کو اسی کی وصیت کی اور یعقوب نے بھی ۔ اے میرے بیٹو! بے شک اللہ نے تمہارے لیے اس دین کو پسند فرما لیا ہے تو تم ہرگز نہ مرنا مگر اس حال میں کہ تم مسلمان ہو۔ (132) کیا تم اس وقت موجود تھے جب یعقوب کوموت آئی۔ جب اس نے اپنے بیٹوں سے کہا، میرے بعد تم کس کی عبادت کرو گے؟ وہ بولے کہ ہم آپ کے خدا کی عبادت کریں گے اور آپ کے باپ دادا ابراہیم، اسماعیل اور اسحاق کے خدا کی، خدائے واحد کی اور ہم سب اسی کے فرماں بردار ہیں۔ (133) وہ ایک امت تھی جو یقیناً گزر چکی، اس کو ملے گا جو کچھ اس نے کمایا ہے اور تمہیں ملے گا جو کچھ تم نے کمایا ہے، اور تم سے اس کے بارے میں سوال نہیں کیا جائے گا جو وہ کیا کرتے تھے۔ (134) اور انہوں نے کہا کہ یہودی بن جاؤ یا نصرانی بن جاؤ تو ہدایت پاؤ گے۔ تم کہہ دو! بلکہ ابراہیم کی ملت جو یکسو تھا اور مشرکوں میں سے نہیں تھا۔ (135) تم سب کہو کہ ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس پر ایمان لائے ہیں جو ہماری طرف نازل کیا گیا ہے اور جو نازل کیا گیا ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور ان کی اولاد کی طرف اور جو موسٰی اور عیسٰی کو دیا گیا اور دیگر نبیوں کو ان کے رب کی جانب سے دیا گیا، ہم ان میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے اور ہم صرف اسی کے فرماں بردار ہیں۔ (136) پھر اگر وہ ایمان لے آئیں جس طرح تم ایمان لائے ہو تو بے شک وہ ہدایت پاگئے اور اگر وہ منہ موڑ لیں تو یقیناً اب وہ مخالفت میں ہیں۔ اب ان کے مقابلہ میں تمہارے لیے اللہ کافی ہو گا، اور وہ خوب سننے والا اور خوب جاننے والا ہے۔ (137) اللہ کا رنگ اختیار کرو، اور اللہ سے اچھا رنگ کس کا ہوگا اور ہم تو اسی کی عبادت کرنے والے ہیں۔ (138) کہہ دو، کیا تم ہم سے اللہ کے بارے میں حجت کر رہے ہو، حالانکہ وہی ہمارا بھی رب ہے اور تمہارا بھی رب ہے۔ ہمارے لیے ہمارے اعمال ہیں اور تمہارے لیے تمہارے اعمال، اور ہم تو اسی کے لیے مخلص ہیں۔ (139) کیا تم کہتے ہو کہ ابراہیم، اسماعیل، اسحاق اور یعقوب اور ان کی اولاد یہودی یا نصرانی تھے؟ کہہ دو: تم زیادہ جانتے ہو یا اللہ؟ اور اس سے بڑا ظالم اور کون ہوگا جو اس گواہی کو چھپائے جو اللہ کی طرف سے اس کے پاس آئی ہوئی ہے ۔ اور اللہ اس سے غافل نہیں ہے جو تم کر رہے ہو۔ (140) وہ ایک امت تھی جو یقیناً گزر چکی، اس کو ملے گا جو کچھ اس نے کمایا ہے اور تمہیں ملے گا جو کچھ تم نے کمایا ہے، اور تم سے اس کے بارے میں سوال نہیں کیا جائے گاجو وہ کیا کرتے تھے۔ (141)

.... سورہ : بقرہ .... رکوع: 16 .... آیت: 130- 141 ....
ملت ِ ابراہیم ہی اصل اور بنیادی طریقہ اور مذہب ہے نہ کہ یہودیت یا نصرانیت۔ تورات، انجیل اور قرآن سب اسی دین حنیف کی دعوت دیتے اور اسی ابراہیمی ملت کی طرف لوگوں کو متوجہ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کو امام الناس کا درجہ دے کر ان کی اولادوں کو دین حق کی خدمت و دعوت کیلئے قبول فرمایا تھا۔ اسماعیل ؑ، اسحاقؑ ، یعقوب ؑ،موسیٰ ؑ، عیسیٰ ؑ اور محمدﷺ سب اولاد ابراہیم ؑہیں اور اللہ کے نبی ہیں۔ ہم سب پر برابر ایمان لاتے ہیں، تمام انبیائے کرام کا دل و جان سے احترام کرتے ہیں اور ہرگز ان کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتے۔ جو لوگ اس سے ہٹ کر دوسری بات کرتے ہیں ان کیلئے اللہ کی یہ بات کافی ہے، ”کہہ دو! تم زیادہ جانتے ہو یا اللہ؟ “٭
از: ڈاکٹر نور الصباح اسماعیل ندوی علیگ
(8دسمبر 2023 ) 

No comments:

Post a Comment

Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers

  Square Day Fun: A Shape-Filled Adventure for Toddlers On October 30, 2024, our Pre-Primary Department at Jibreel International School cele...