اور ہر ایک کے لئے ایک سمت ہے جس کی طرف وہ رخ کرتا ہے۔ تو تم بھلائیوں کی طرف سبقت کرو۔ تم جہاں کہیں بھی ہوگے اللہ تم سب کو جمع کر لے گا۔ بے شک اللہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ (148) اور تم جہاں سے بھی نکلو، اپنا منہ مسجد حرام کی طرف کرو، بے شک یہی حق ہے تمہارے رب کی طرف سے، اور اللہ ان کاموں سے غافل نہیں ہے جو تم لوگ کر تے ہو۔ (149) اور تم جہاں کہیں سے بھی نکلو، اپنا منہ مسجد حرام ہی کی طرف کرو، اور تم لوگ جہاں کہیں بھی ہو، تم اپنے چہروں کو اسی کی طرف کرو تاکہ لوگوں کے پاس تمہارے خلاف کوئی حجت باقی نہ رہے،سوائے ان کے جنہوں نے ظلم کیا ہے ان میں سے، تو تم لوگ ان سے نہ ڈرو اور مجھ ہی سے ڈرو، اور تاکہ میں اپنی نعمت تم پر تمام کروں اور تاکہ تم ہدایت پاؤ۔ (150) جیسا کہ ہم نے تمہارے درمیان تم ہی میں سے ایک رسول بھیجا ہے جو ہماری آیتیں تمہارے سامنے تلاوت کرتا ہے اور تمہیں پاک کرتا ہے اور تمہیں کتاب وحکمت کی تعلیم دیتا ہے اور وہ چیزیں سکھاتا ہے جو تم نہیں جانتے تھے۔ (151) لہٰذا تم مجھ کو یاد رکھو میں تم کو یاد رکھوں گا اور میرا شکر ادا کرو اور میری ناشکری نہ کرو۔ (152)
سورہ : بقرہ .... رکوع: 18 .... آیت: 148- 152 .... پارہ: 2
خانہ کعبہ مسلمانان ِعالم کا قبلہ ہے اور یہ قبلہ ایک عظیم نعمتِ الٰہی ہے۔ دنیا کی تمام قومیں عبادت کرتی ہیں اور اپنے خالق و مالک کو راضی کرنے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ وہ ان سے خوش رہے اور ان کو ہر قسم کی آسانی اور فراوانی عطا کرے، اور وہ اپنی عبادت کے وقت اپنا رخ کسی خاص مقام کی طرف کرتی ہیں جیسا کہ یہود مغرب کی طرف اور نصاریٰ مشرق کی طرف رخ کرکے عبادت کرتے ہیں۔ اللہ نے اپنے آخری نبی محمد عربی ﷺ کو اور ان کو ماننے والوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی عبادتوں کے وقت مسجد حرام کی طرف رخ کریں جس کے اندر اللہ کا گھر خانہ کعبہ موجود ہے۔ وہ حضر میں ہوں یا سفر میں ہر حال میں ان کیلئے نماز کے وقت قبلہ رخ ہونا لازم ہے۔
اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو خانہ کعبہ کی طرف رخ کرنے کا حکم کیوں دیا ہے یہاں اس جگہ اس کی وضاحت بھی فرمادی ہے۔ ”تاکہ لوگوں کے پاس تمہارے خلاف کوئی حجت باقی نہ رہے، سوائے ان کے جنہوں نے ظلم کیا ہے ان میں سے، تو تم لوگ ان سے نہ ڈرواور مجھ ہی سے ڈرو، اور تاکہ میں اپنی نعمت تم پر تمام کروں اور تاکہ تم ہدایت پاؤ۔“ اللہ تعالیٰ نے یہاں تین اہم وجوہات کا ذکر فرمایا ہے۔ پہلا یہ کہ اب کسی کے پاس تمہارے خلاف کوئی حجت و دلیل باقی نہ رہے کہ وہ کہتا پھرے کہ ان کا اور ہمارا قبلہ یا طریقہ ایک ہے اس لئے ان کو ہمارے دین و شریعت کے مطابق چلنا چاہئے۔ یہود و نصاریٰ پر اللہ نے بہت کرم کیا اور ان کو اپنے دین و شریعت سے نوازا مگر انہوں نے اپنا دین بگاڑ لیا یہاں تک کہ قبلہ بھی تبدیل کرلیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری نبی پر اپنی آخری کتاب نازل فرمادی، ان کو صحیح راہ دکھادی اور ان کو وہ قبلہ بھی عطا کردیا جو اصل ابراہیمی قبلہ ہے۔ دوسری وجہ اتمام نعمت اور تیسری وجہ ہدایت و رہنمائی ہے۔ بیت اللہ الحرام کی طرف رخ کرتے ہی متبعینِ محمد ﷺ کو اللہ کی نعمتیں اور ہدایتیں حاصل ہوگئیں۔
اصل شریعت ملت ِ ابراہیمی ہے اور اصل قبلہ خانہ کعبہ ہے، اس طرح مسلمان اس راستے پر ہیں جو سیدھے خدائے کائنات تک جاتا ہے۔ ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے حکم سے اس کا گھر خانہ کعبہ تعمیر کرنے کے بعد جو پہلی اور اہم دعا مانگی تھی اللہ نے اس کو پوری طرح قبول فرما لیا اور ابراہیم و اسماعیل علیھما السلام کی اولاد میں ایک ایسا رسول بھیج دیا جو اللہ کی آیتیں لوگوں کے سامنے تلاوت کرتا ہے، ان کو پاک کرتا ہے، ان کو کتاب وحکمت کی تعلیم دیتا ہے اور ان کو وہ چیزیں سکھاتا ہے جو وہ پہلے نہیں جانتے تھے۔
یہاں ان عظیم انعامات الٰہی کے ذکر کے بعد اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں سے مطالبہ کیا ہے کہ تم مجھے یاد رکھو، میں تمہیں یاد رکھوں گا۔ تم مجھے مت بھولو میں تمہیں فراموش نہیں کروں گا اور ہمیشہ میرے شکرگزار بن کر رہو، ناشکری مت کرو۔ اگر تم ایسا کروگے تو میری محبت، نعمت اور رحمت تم کو ہمیشہ حاصل رہے گی۔٭
از: ڈاکٹر صباح اسماعیل ندوی علیگ
(22دسمبر 2023 )

No comments:
Post a Comment